بھارت ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتا، نعیم خان
سرینگر 03فروری (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما نعیم احمد خان نے کہا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتی اور وہ اپنی جدوجہد اازادی کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے ۔
نعیم احمد خان نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں قابض انتظامیہ کی طرف سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے صدر دفتر کو ضبط کرنے اورتجاوزات ہٹانے کی نام نہاد مہم کے نام پر کشمیریوں کو جبری طور پر انکی زمینوں سے بے دخل کرنے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے یہ ظالمانہ اقدامات کشمیریوںکو محکوم رکھنے کے مذموم عزائم کا حصہ ہیں ۔ تاہم انہوں نے واضح کیاکہ یہ ہتھکنڈے ماضی میں بھی کشمیری عوام کو اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد جاری رکھنے سے روکنے میں ناکام رہے ہیں اور مستقبل میں بھی وہ ہر گز کامیاب نہیں ہوں گے ۔