مقبوضہ جموں وکشمیر:پوسٹروں میں لوگوں سے مودی کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کی اپیل
سرینگر13فروری(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سرینگر سمیت مختلف علاقوں میں پوسٹرلگائے گئے ہیں جن میں لوگوں پر زوردیا گیا ہے کہ وہ بدھ کو مکمل ہڑتال کریں۔
پوسٹردیواروں اور بجلی کے کھمبوں پر لگائے گئے جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر تنظیموں کے کارکنوں کے ذریعے ٹویٹر، فیس بک، انسٹا گرام اور واٹس ایپ گروپس سمیت سوشل میڈیا پر بھی گردش کررہے ہیں۔ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کی زمینوں، وسائل اور جائیدادوں سے بے دخل کرنے سمیت بی جے پی حکومت کی سفاکانہ کارروائیوں اور کشمیر دشمن پالیسیوں کے خلاف دی ہے۔پوسٹروں میں کہاگیا ہے کہ زمینوں اور جائیدادوں پر قبضے کی بی جے پی حکومت کی پالیسی کا مقصد جموں و کشمیر کے لوگوں کی شناخت اور خطے کے مسلم تشخص کو مٹانے کے علاوہ غیر کشمیریوں کو علاقے میں آباد کرنے کی واضح کوشش ہے۔پوسٹروں میں جموں و کشمیر کے لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنی نسلوں کے مستقبل کو بچانے کے لیے متحد ہو جائیں۔جموں و کشمیر کے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے مودی حکومت کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں۔