بھارت

بھارت :ممبئی میں ہندو لڑکی سے بات کرنے پر مسلمان نوجوان پربہیمانہ تشدد

ممبئی16اگست(کے ایم ایس)بھارتی شہر ممبئی میں ہندو انتہاپسندوں نے نام نہاد ”لوجہاد ”کے نام پر ایک مسلمان نوجوان کو صرف اس لئے شدید تشدد کا نشانہ بنایاکہ وہ ایک ہندو لڑکی سے بات کررہاتھا۔


کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ہندو انتہاپسند مسلمان نوجوان کو گالیاں دیتے، تھپڑ، گھونسے اورلاتیں مارتے اور ادھر ادھر د ھکے دیتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں جبکہ نامعلوم لڑکی ان سے التجا کرتی ہے کہ انہیں نہ ماریں اور جانے دیں۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حملہ آورشہر کے باندرہ ٹرمینس اسٹیشن پر مذکورہ شخص کو کالر اور بالوں سے گھسیٹتے ہوئے اور”جے شری رام”کے نعرے لگاتے ہوئے لے جارہے ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی رئیس خان اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ترجمان وارث پٹھان نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ رئیس خان نے کہاکہ باندرہ اسٹیشن پر لو جہاد کے نام پر ہندوتوا کے غنڈوں نے ایک نہتے مسلمان لڑکے کو بے رحمی سے پیٹا،آج ہم آزادی کے 77ویں سال کا جشن منا رہے ہیں،ہمارے شہداء نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ مسلمانوں کو یہ دن بھی دیکھنا پڑے گا۔ انہوں نے ممبئی پولیس سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور اس میں ملوث تمام غنڈوں کو پکڑ کر سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی ایسی حرکت کرنے کا سوچ بھی نہ سکے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button