کشمیر اور فلسطین ترقی یافتہ دنیا کے ظالمانہ استحصال کی واضح مثالیں ہیں: جمال شاہ
اسلام آباد27ستمبر(کے ایم ایس) پاکستان کے نگراں وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے کہا ہے کہ کشمیر اور فلسطین ترقی یافتہ دنیا کے ظالمانہ استحصال کی دو روشن مثالیں ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جمال شاہ نے دوحہ میں اسلامک ورلڈ ایجوکیشنل، سائنٹفک اینڈ کلچرل آرگنائزیشن (ICESCO) کے زیر اہتمام وزرائے ثقافت کی 12ویں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اظہار یکجہتی کے طور پر کشمیری اور فلسطینی فنکاروں کے فنون لطیفہ کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے ICESCOپر زور دیا کہ وہ اپنی روایات کے علمبرداروں، کاریگروں، موسیقاروں، مصنفین اور فلم سازوں کے لیے خصوصی مواقع پیدا کرے جہاں وہ اسلامی ممالک کے ساتھ اپنے کام کی نمائش کر سکیں۔وزیر ثقافت نے تجویز پیش کی کہ تمام رکن ممالک کی روایات کے علمبرداروں کا ایک ثقافتی کارواں تشکیل دیاجائے جو رکن ممالک کے دورے کرے۔انہوں نے ہر رکن ملک کے دارالحکومت میں اسلامی ثقافتی یادگار قائم کرنے کی تجویز بھی دی۔