پاکستان کی سپورٹس کمنٹیٹر زینب عباس کیخلاف بے جا مقدمے کے اندراج پر بھارت کی مذمت
اسلام آباد:پاکستان نے بھارت میں ورلڈکپ کی کوریج کے لیے جانیوالی پاکستانی کمنٹیٹر زینب عباس کے خلاف بے جا ٹوئٹ کی بنیاد پر مقدمہ کے انداراج پر بھارت کی شدید مذمت کی ہے ۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران کہاہے کہ زینب عباس کے خلاف بے جا ٹوئٹ پر مقدمے کا اندراج درست اقدام نہیں اور انہیں جھوٹے ٹوئٹ کے کیس میں بلاوجہ گھسیٹا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت ورلڈ کپ کا میزبان ہے لہذا مہمانوں کو سکیورٹی فراہم کرنا بھی بھارتی ریاست کی ذمہ داری ہے، پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سازگار ماحول فراہم کرنا بھی بھارتی ذمہ داری ہے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا زینب عباس کے خلاف بے جا ٹویٹ پر کیس بنانا درست اقدام نہیں ہے، بلا جواز کیس میں زینب کو گھسیٹا جا رہا ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ پاکستانی صحافیوں اور شائقین کو ویزے جاری کرنے پر بھارت سے رابطے میں ہیں اور جلد ویزوں کے اجرا کا مطالبہ کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ایک بھارتی وکیل وینیت جندال نے الزام لگایا تھا کہ زینب عباس نے ہندو مذہب اور بھارت کیخلاف سوشل میڈیاپرپیغامات پوسٹ کئے ہیں ۔انہوں نے سوشل میڈیا تبصروں کو پریزینٹر سے منسوب کرتے ہوئے ان کے خلاف درخواست دائر کی تھی اور انہیں ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیاتھا۔بعد ازاں آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ زینب عباس نے براڈ کاسٹرز اور اپنے میڈیا مینیجر کے مشورے سے سکیورٹی وجوہات پر بھارت چھوڑ دیا ہے۔ بھارتی وکیل نے زینب عباس کے بھارت چھوڑنے کو بڑی کامیابی بھی قرار دیا تھا۔