پونچھ : پولیس کی حراست میں نوجوان کی موت کی عدالتی تحقیقات کا حکم
جموں : غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ یاسین ایم چودھری نے ضلع میں پولیس کی حراست میں ایک نوجوان کی موت کے واقعے کی عدالتی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
الفت حسین نامی کشمیری نوجوان گزشتہ روز پولیس کی حراست میں جاں بحق ہو گیا تھا ۔ تاہم پولیس نے دعویٰ کیا تھاکہ نوجوان نے سرنکوٹ پولیس اسٹیشن کے لاک اپ میں خودکشی کی تھی۔جاں بحق ہونیوالے نوجوان کے اہلخانہ نے الفت حسین کی پولیس کی حراست میں موت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے الفت حسین کی پولیس کی حراست میں جن حالات میں موت ہوئی ا س کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا تھا۔متاثرہ خاندان کے مطالبے اورسرنکوٹ کے تحصیل دار کی رپورٹ کے پیش نظر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ پونچھ نے سب ڈویژنل مجسٹریٹ مینڈھر محمد جہانگیر خان کو اس واقعے کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔