اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر بدترین دہشت گردی کر رہا ہے، یوسف نقاش
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما محمد یوسف نقاش نے بے گناہ فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی ظلم و ستم پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمدیوسف نقاش نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل گزشتہ دو ہفتوں سے نہتے فلسطینیوں پر بدترین دہشت گردی کر رہا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام مظلوم فلسطینیوں کے دکھ درد کا بخوبی احساس رکھتے ہیں کیونکہ وہ بھی کئی دہائیوں سے بھارتی جبر کا شکار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام الاحلی ہسپتال پر ہونے والی حالیہ بمباری پر شدید غمزدہ ہیں ، کشمیری فلسطین کی مکمل آزادی کے لیے دعا کرتے ہیں اور او آئی سی سمیت دنیا بھر کے انصاف پسند ملکوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کی کھل کر حمایت کریں اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے فعال طور پر کام کریں۔