رتلے بجلی گھر سے راجستھان کو بجلی کی فراہمی کامعاہدہ غیر منصفانہ ہے ، یوسف تاریگامی
سرینگر:
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے جموں و کشمیر اوربھارتی ریاست راجستھان کے درمیان رتلے بجلی گھر سے40سال کیلئے بجلی کی خریداری کے حالیہ معاہدے کو غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔
محمد یوسف تاریگامی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ ایک ایسے وقت میں کیاگیاہے جب جموں و کشمیر کو بجلی کی شدید قلت کا سامنا ہے اور اس معاہدے پر کشمیریوںکو شدید تحفظات ہیں۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کشمیریوں کے قدرتی وسائل کی لوٹ مار جاری رکھے ہوئے ہیں اوران کی مشکلات اور نقصانات کو دور کرنے کے بجائے انکے قدرتی وسائل کو دوسری ریاستوں کے حوالے کیا جارہا ہے۔ یوسف تاریگامی نے کہا کہ یہ فیصلہ انتہائی غیر منصفانہ ہے جس کی وجہ سے کشمیری عوام معاشی طورپر مزید پسماندہ ہوں گے اورانہیں مزید لوڈ شیڈنگ کاسامنا کرناپڑے گا۔