مقبوضہ کشمیر:آئندہ 5دنوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اورلینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری
سرینگر : غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آئندہ چند دنوں کے دوران تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش او ر آسمانی بجلی گرنے کے ساتھ ساتھ سیلاب آنے اور لینڈ سلائیڈنگ کاالرٹ جاری کیاگیاہے کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری تازہ ترین الرٹ میں کہاگیاہے کہ چار ستمبر کو گرج چمک کے ساتھ شدید بارش ہو سکتی ہے۔ اگلے پانچ دنوں کے دوران مختلف مقامات پرشدیدبارش، آسمانی بجلی اور 40سے 50کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی یہ پیش گوئی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جموں و کشمیر کے مختلف حصوں میں پہلے ہی ریکارڈ بارش ہو چکی ہے۔گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کٹھوعہ میں سب سے زیادہ 101.8ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ پہلگام میں 51.8ملی میٹر اور راجوری میں 50ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اسی دوران دیگر علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ موسمیات نے اگلے تین دنوں کے دوران حساس مقامات پر فلیش فلڈز، لینڈ سلائیڈنگ اور مڈ سلائیڈنگ کابھی الرٹ جاری کیا ہے۔ٹریفک پولیس نے خراب موسم کے باعث مغل روڈ اور سرینگر جموں ہائی وے سمیت اہم شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈز کا انتباہ جاری کیا ہے۔







