سرینگر: محبوبہ مفتی کا وقف املاک میں کمی پر اظہار تشویش

سری نگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران علاقے میں 7ہزار سے زائد روقف املاک کا ریکارڈ ویب پورٹل سے غائب ہو چکا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے” ایکس “پر ایک پوسٹ میں بھارتی حکومت کے یونیفائیڈ وقف مینجمنٹ، ایمپاورمنٹ، ایفیشینسی اینڈ ڈیولپمنٹ پورٹل کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی 7ہزار 2سو 40 کے قریب وقف املاک جبکہ بھارت بھر میں 3.55 لاکھ سے زائد وقف املاک غائب ہو چکی ہیں۔انہوںنے کہا کہ سرکاری ریکارڈ میں بڑھتا ہوا فرق وقف اثاثوں کی شفافیت اور تحفظ کے بارے میں سنگین سوالات اٹھاتا ہے ۔ وقف اراضی میں مسلسل کمی مسلمانوں کو نشانہ بنانے کی ایک منصوبہ بند مہم کی نشاندہی کرتا ہے۔
محبوبہ نے پورٹل کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا جس میں 9 دسمبر 2024 اور 6 دسمبر 2025 کے وقف املاک کے اعداد و شمار کا موازنہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے جس اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں گزشتہ برس سال 9 دسمبر کو 32,533 رجسٹرڈ وقف املاک تھیں، جو کہ اس سال دسمبر میں گھٹ کر 29,733 رہ گئیں۔







