اعلیٰ بھارتی فوجی کمانڈروں کے یکے بعد دیگرے دورے کسی نئی مہم جوئی کی نشاندہی کرتے ہیں
سرینگر:بھارت کے اعلیٰ فوجی کمانڈرو ں کے مقبوضہ جموں وکشمیرکے یکے بعد دیگرے دورے علاقے میں غیر معمولی سکیورٹی الرٹ کی نشاندہی کرتے ہیں اور دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے مسلسل دورے معمول کی کارروائی نہیں بلکہ زمینی سطح پر کسی نئی مہم جوئی کا اشارہ دیتے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنیم نے نومبر کے پہلے ہفتے میں وادی کشمیر کا دورہ کیا، جبکہ اس سے ایک روز قبل شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے شمالی کشمیر کا دورہ کیا تھا۔
دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور شمالی کمان کے سربراہ کا 24 گھنٹوں کے اندر ایک ہی علاقے کا دورہ غیر معمولی بات ہے۔ ان کے مطابق یہ طرزِ عمل سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے بڑھتی ہوئی تشویش، کنٹرول لائن پر ممکنہ کشیدگی یا موسم سرما سے قبل اندرونی علاقوں میں کسی بڑے فوجی آپریشن کی تیاری کی نشاندہی کرتا ہے، کیونکہ سردیوں میں کنٹرول لائن اور بالائی علاقوں میں نقل و حرکت مشکل ہو جاتی ہے۔
جنرل سبرامنیم نے وادی کے اپنے پہلے دورے کے دوران تزویراتی اہمیت کے حامل مقامات پر فوجی تعیناتیوں کا جائزہ لیا، دشوار گزار علاقوں میں فوجیوں کی تیاریوں کا معائنہ کیا اور بری، بحری اور فضائی افواج کے اہلکاروں سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے تینوں مسلح افواج کے درمیان مشترکہ حکمت عملی، باہمی رابطوں اور آپریشنل صلاحیتوں کو موثر بنانے پر زور دیا۔اس سے ایک روز قبل لیفٹیننٹ جنرل شرما کو شمالی کشمیر میں کنٹرول لائن اور اندرونی علاقوں میں نگرانی، تربیت، باہمی رابطوں اور آپریشنل طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مشترکہ فوجی کارروائیوں، نگرانی اور جدید طریقہ کار پر زور، نیز ان دوروں کا وقت ظاہر کرتا ہے کہ یہ معمول کے حوصلہ افزائی دوروں کے بجائے سکیورٹی نظام پر بڑھتی ہوئی توجہ کا حصہ ہیں۔یہ دورے متنازعہ جموں و کشمیر میں طویل عرصے سے جاری فوجی موجودگی اور جنگی ماحول کے دوران کیے گئے ہیں جہاں بڑی تعداد میں فوجی دستوں کی تعیناتی اور مسلسل آپریشنل جائزے سکیورٹی صورتحال کی نمایاں خصوصیات بن چکے ہیں۔







