بھارت :چھتیس گڑھ میں بھارتی فورس کا افسر ہلاک
رائے پور: بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیر اقتداربھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں مسلح افراد کے ایک حملے میں چھتیس گڑھ آرمڈ فورس(سی اے ایف)کا ایک افسر ہلاک ہوگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نکسلی گوریلوں نے انسپکٹر تیجاو رام بھوریا پر اس وقت حملہ کیا جب وہ اتوار کی صبح ریاست کے ضلع بیجاپور میں دربھا کے ہفتہ بازار میں ڈیوٹی دے رہا تھا۔ بیجاپور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ جتیندر یادو نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ افسر اپنے دیگر اہلکاروں کے ساتھ مارکیٹ میں سیکیورٹی ڈیوٹی پر تھا۔انہوں نے کہاکہ دیہاتی کے لباس میں باغیوں نے اسے الگ تھلگ پاکر حملہ کر دیا۔ پولیس نے بتایا کہ باغیوں نے جائے وقوعہ سے فرار ہونے سے پہلے سی اے پی افسر بھوریا کو کلہاڑی سے مار ڈالا۔ پولیس افسرنے بتایا کہ بھارتی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے اور حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے علاقے میں تلاش کی کارروائی جاری ہے۔