مقبوضہ جموں وکشمیر:سڑک حادثات میں 2خواتین اور چار سالہ بچی سمیت 7 افراد جانبحق،12زخمی
جموں:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں ایک المناک سڑک حادثے میں ایک4سالہ بچی اور ایک خاتون سمیت کم از کم 6 افراد جاں بحق اور 4زخمی ہوگئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ضلع ڈوڈہ میں ٹھاٹھری سے کرہاوا پھگسو جانے والی ایک گاڑی خانپور-پھوگو میں حادثے کا شکار ہوئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں مختیار احمد ،ریاض احمد، ارینہ بیگم ،محمد رفیع اورایک چارسالہ بچی شامل ہے۔زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیاہے ۔ زخمیوں میں 28سالہ محمد عامر ، 8سالہ اور10سالہ دو بچیاں،24سالہ سفیان شیخ اور صائمہ بیگم شامل ہیں۔یہ واقعہ ضلع ڈوڈہ میں بڑھتے ہوئے سڑک حادثات کی نشاندہی کرتا ہے ۔ سڑکوں کی خراب صورتحال، لاپرواہی سے ڈرائیونگ اور حفاظت کے ناکافی اقدامات جیسے مختلف عوامل کی وجہ سے ان حادثات میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوتی ہیں۔
دریں اثنا مقبوضہ وادی کشمیر میں ضلع پلوامہ ضلع کے علاقے اونتی پورہ چرسو میں آج( اتوار ) ایک سڑک حادثے میں ایک خاتون جانبحق جبکہ سات دیگر افراد زخمی ہو گئے۔جانبحق ہونے والی خاتون کی شناخت سمی جان کے طور پر ہوئی ہے ۔تین شدید زخمیوں کو سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال منتقل کیا کیا جبکہ چار اونتی پورہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔وادی کشمیر کے ضلع گاندربل میں کرہامہ بائی پاس پر آج ایک مسافر گاڑی کی ٹکر سے بارھویںجماعت کا ایک طالب علم حزیل اللہ جان بحق ہو گیا۔
ادھربٹوٹ ،کشتواڑ ہائی وے پر ایک سڑک حادثے میں ایک خانہ بدوش خاندان کی 20بھیڑیں اور بکریاں ہلاک اور 15 زخمی ہو گئیں۔ وہ ایک تیز رفتار گاڑی کے نیچے آکر کچلے گئے۔اس واقعے کے بعد خانہ بدوش خاندان نے احتجاج کرتے ہوئے ہائی وے کو بلاک کر دیا۔ مظاہرین انتظامیہ سے معاوضے اور حادثے میں ملوث ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔