بھارت میں ایک حملے میں فوج کے کرنل اورچاراہلکاروں سمیت سات افراد ہلاک
نئی دہلی 13 نومبر (کے ایم ایس)بھارتی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروںکے مطابق ہفتے کے روز ریاست منی پور کے ضلع چورا چند پور میں مسلح افراد کے ایک حملے میںبھارتی فوج کا ایک کرنل اور چار اہلکاروں سمیت سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بھارتی فوج کی46 آسام رائفلز کے کمانڈنگ آفیسر کرنل وپلب ترپاٹھی، ان کی اہلیہ اور بیٹا اورپیراملٹری فورسز کے چار اہلکار شامل ہیں۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق آسام رائفلز کے قافلے پر حملہ منی پور کی عسکریت پسند تنظیم پیپلز لبریشن آرمی نے کیا۔ ذرائع ابلاغ نے پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایاکہ یہ واقعہ ضلع کے علاقے سہکن کے قریب پیش آیا جب بھاری ہتھیاروں سے لیس عسکریت پسندوں نے فوجی قافلے پر حملہ کیا۔ رپورٹ میں کہاگیا کہ فوجی قافلہ میانمار کی سرحد سے متصل ضلع چوراچند پور میں ایک شہری پروگرام کی نگرانی کے بعد واپس آرہا تھا۔