وزیر اعظم مودی کی وجہ سے وزیر اعظم کے عہدہ کا وقار داغدار ہوا ہے: شردپوار
کولہاپور: بھارت میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ مودی جی کی وجہ سے وزارت عظمیٰ کے عہدہ کا وقار داغدار ہوا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شرد پوار نے کولہا پور میں ایک پریس کانفرنس میں وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے انہیں ایک بھٹکتی ہوئی آتما قراردینے کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ انہیں نریندر مودی کے بیان پر کوئی حیرانگی نہیں ہوئی کیونکہ مودی جی کے برسر اقتدار آنے سے پہلے بھارت میں وزیر اعظم کا عہدہ کبھی اتنا بدنام نہیں ہوا تھا۔شرد پوار نے کہاکہ انہوں نے مختلف مواقع پر پنڈت جواہر لال نہرواور اندرا گاندھی سمیت تمام وزرائے اعظم کی تقریریں دیکھی اور سنی ہیں۔ لیکن جب نریندر مودی نے بھٹکتی آتما کی اصطلاح استعمال کی تو میں حیران نہیں ہوا، کیونکہ اس سے قبل وزیراعظم کے عہدے کی اتنی کبھی توہین نہیں ہوئی جتنی انہوں نے کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے کبھی عوام کو درپیش بنیادی مسائل پر بات نہیں کی ۔