علی رضا سید کی آزاد کشمیر میں مسائل کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی اپیل
برسلز :کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے آزاد جموں وکشمیر میں بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف جاری مظاہروں کے حوالے سے خبردارکیا ہے کہ بھارت جیسا دشمن جو مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری جدوجہد آزادی کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا، اس موقع سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق علی رضا سید نے برسلز میں جاری ایک بیان میں حکام اور مظاہرین پر زوردیا ہے کہ وہ موجودہ مسائل کو پرامن طریقے سے حل کریں اور دشمنوں کو صورت حال سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم نہ کریں۔انہوںنے تشدد کا سہارا لینے کے بجائے تعمیری بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ امن کو برقرار رکھیں اور کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں۔انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کی حکومت پر زور دیا کہ وہ بحران کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔علی رضانے پاکستان کے دفاع اور ترقی کے لیے آزاد کشمیر کے عوام کی قربانیوں کو اجاگر کرتے ہوئے خبردارکیا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں جاری جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کے لیے حقائق کو توڑ مروڑ کرپیش کرنے کی کوشش کررہا ہے۔