پاکستان

دنیا میں پائیدار امن و استحکام کیلئے کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کا حل ضروری ہے، وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا میں پائیدار امن و استحکام کیلئے کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کا حل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کے فروغ کیلئے عالمی برادری کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وزیر اعظم نے آج”امن کے عالمی دن“پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ جموں و کشمیر خطے کا ایک دیرینہ مسئلہ ہے جس کے پائیدار حل کی بنیاد سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد اور غیرجانبدارانہ رائے شماری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فلسطین کے معصوم لوگوں کی حالت زار کی طرف بھی بھر پورتوجہ دینے کی ضرورت ہے، مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے فلسطین کے تنازع کا پرامن حل وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کے فروغ کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے اور ہم باہمی تعاون کے ذریعے ہی آنے والی نسلوں کے لیے ایک پرامن کل کی تعمیر کر سکتے ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان بات چیت کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے پر پختہ یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا بے شمار تنازعات کے باعث تقسیم کا شکار ہے، ہمیں اقوام عالم کے مابین اختلافات کو ختم کرنے اور امن کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button