بی جے پی حکومت مہاراشٹر کے کسانوں کی سب سے بڑی دشمن ہے ، ملکارجن کھڑگے
نئی دلی:
بھارت میں کانگریس پارٹی کے صدر ملکارجن کھڑگے نے وزیر اعظم نریندر مودی کو کڑی تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت مہاراشٹر کے کسانوں کی سب سے بڑی دشمن ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر کیے گئے ایک پوسٹ میں کہاکہ بی جے پی مہاراشٹر کے کسانوں کی سب سے بڑی دشمن ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاست میں 20ہزار کسان خودکشیاں کر چکے ہیں جبکہ حکومت نے زراعت کے شعبے کیلئے مختص بجٹ میں بھی کمی کی ہے ، 20ہزار کروڑ روپے کے واٹر گرڈ اور مہاراشٹر میں خشک سالی کے خاتمے کے حکومتی وعدے جھوٹے ثابت ہو ئے ہیں اورکسانوں کو ان کی فصلوں کا مناسب معاوضہ دینے سے انکار کر دیا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ کپاس اور گنے کی فصلوں کی پیداوار میں نمایاں کمی سے بھی کسانوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے ۔ ملکارجن کھڑگے نے کہاکہ ریاست کے عوام تبدیلی کیلئے تیار ہیں اور وہ آئندہ الیکشن میں بی جے پی سبق سکھائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ مہاراشٹر نے طے کر لیا ہے کہ وہ بی جے پی کی ڈبل انجن والی حکومت کو اقتدار سے نکال کر ہی کسانوں کا بھلا ہوگا۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر میں 20نومبر کوانتخابات ہوں رہے ہیں ۔