پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کا مضبوط حامی ہے: عطاء اللہ تارڑ
اسلام آباد: اطلاعات ونشریات کے وزیر عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کا مضبوط حامی ہے اور مسئلہ کشمیر پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا جرات مندانہ موقف کشمیر کاز کے حوالے سے پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور دیرینہ تنازعے کے منصفانہ اور پرامن حل کی خواہش کا بھرپور اظہار ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عطاء اللہ تارڑ نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 27اکتوبر 1947جموں و کشمیر پر بھارت کی فوج کشی کا سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے کشمیریوں کی خواہشات کے برخلاف اپنی فوجیں جموں و کشمیر میں اتار کر اس پرغیر قانونی طور پر قبضہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فسطائی بھارتی حکومت کے مظالم اور ظالمانہ پالیسیوں کے باوجود کشمیری عوام اپنی آزادی کیلئے بہادری سے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔ عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان دنیا میں کشمیریوں کے جائز مقصد کی وکالت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد قابل قبول حل اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری ہے لیکن بھارت کشمیر کی قانونی حیثیت کو ختم کرنے کے درپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نکالنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے باز رکھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ کشمیری عوام اپنی منزل مقصود تک ضرور پہنچیں گے اوران کا آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔