فرینڈز آف کشمیر وفلسطین کے اجلاس میں کشمیریوں اورفلسطینیوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد :فرینڈز آف کشمیر وفلسطین کا اجلاس اسلام آباد میں سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی صدارت میں منعقد ہوا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اجلاس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے ایک وفد نے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں شرکت کی۔ وفد میں سینئر حریت رہنمامحمد فاروق رحمانی ،ایڈوکیٹ پرویز احمدشاہ ،حاجی محمد سلطان ، مشتاق احمد بٹ ،امتیاز احمد وانی،زاہد صفی،محمد اشرف ڈاراور سید گلشن احمدشامل تھے جبکہ امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹرمشتاق خان اورسابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی،ڈی جی فرینڈز آف فلسطین بلال الاسطل اورسربراہ سیاسی بیورو فرینڈز آف فلسطین عبدالرحمن السدیس نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے بلال الاسطل اور عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ طوفان الاقصی مزاحمت کا آغاز ہے۔ ہم نے دنیا کو اسرائیل کا نسل کش چہرہ دکھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا جو آج سب دنیا کے سامنے واضح ہے یہ 1948سے ہم پر بیت رہی ہے۔ اس اقدام سے فلسطینی دنیا کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں کامیاب رہے اور بہت سارے ممالک نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا ۔انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ دنیا کے آزاد انسان ہمارے آزادی کے حق کو تسلیم کریں۔ فلسطینی عوام بہادر ہیں اور اپنے وطن کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ کشمیری عوام ہمارے درد کو جانتے ہیں، انکا اور ہمارا معاملہ یکساں ہے۔ سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جماعت اسلامی پاکستان اور بائیس کروڑ پاکستانی عوام کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کو یقین دلاتے ہیں پاکستان کا بچہ بچہ آپکی آزادی کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑا ہے ۔ جب تک مقبوضہ جموں و کشمیر بھارت کے جابرانہ اور غاصبانہ قبضے سے اور فلسطین اسرائیل کے پنجہ غلامی سے آزاد نہیں ہو جاتا تب تک پوری پاکستانی قوم آپ کی حمایت کرتی رہیگی ۔انہوں نے کہاکہ ہم یہ بھی یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان کی تمام سیاسی ،مذہبی اور سماجی تنظیمیں مسئلہ کشمیر اور مسلہ فلسطین پر ہم آواز اور متحد ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم موجودہ حکومت سے توقع کرتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے گی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ ہم بھارت اور اسرائیل کو ایک ہی سمجھتے ہیں ۔کشمیر میں اسرائیل بھارت کی مدد کرتا ہے اور اسی طرح فلسطین میں بھارتی فوج فلسطینی لوگوں کے قتل عام میں ملوث ہے۔ لیکن ہم ثابت قدمی سے ان کا مقابلہ کررہے ہیں اور انشا اللہ ہم اپنی اس مبنی برحق جدوجہد میں سرخرو ہونگے۔اجلاس کے آخرمیں فلسطینی اور کشمیری شہدا ء کے بلند درجات اور امت مسلمہ کی کامیابی و کامرانی کے لئے دعا کی گئی۔