13 دسمبر 2001کو بھارتی پارلیمنٹ پر جعلی حملہ ، پاکستان کو بدنام کرنے کی بھارت کی ایک سازش تھی
#IndiaFalseFlag
اسلام آباد: 13 دسمبر 2001کو بھارتی پارلیمنٹ پر حملہ بھارت کا ایک فالس فلیگ آپریشن تھا جس کا مقصد پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کو بدنام کرنا تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت کی اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے جعلی کارروائیوں کی ایک طویل تاریخ ہے اور 13دسمبر 2001کا حملہ بھی ایسی ہی ایک کارروائی تھی ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ پر حملے جیسے ڈراموں کا مقصد پاکستان اور کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو بدنام کرنا تھا۔رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس دھماکے، پٹھان کوٹ، اوڑی، بھارتی پارلیمنٹ، پلوامہ اور جموں ایئر فورس بیس پر حملے پاکستان اور کشمیریوں کی تحریک آزادی کو بدنام کرنے کی بھارت کی جھوٹی حکمت عملی کا حصہ تھے۔ رپورٹ میں کہاگیا کہ بھارت نے اپنے پاکستان دشمن اور تحریک آزادی کے خلاف ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے ہمیشہ جھوٹ کو ریاستی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ہے۔ رپورٹ میں مزید کہاگا ہے کہ بھارت مسلسل جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے ٹھوس اور قابل اعتمادشواہد پیش کئے بغیر پاکستان کو اپنی ناکامیوں کا ذمہ دار ٹھہراتا ہے۔بھارت ہمیشہ مظلومیت کارڈ کھیلتا ہے اور اپنی ناکامیوں کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہراتا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ماضی میں بھارت نے بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے پاکستان کو جعلی آپریشنوں میں ملوث کرنے کی کوشش کی ہے۔ان جعلی فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے منسلک کرنے کی بھی ناکام کوشش کررہا ہے لیکن پاکستانی اور کشمیری بھارت کے ان مذموم عزائم کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔