اقوام متحدہ میں حق خود ارادیت کی قرارداد کی منظوری انصاف اورانسانی حقوق کی فتح ہے،بیرسٹر عقیل ملک
گزشتہ روز جنرل اسمبلی میں پاکستان کی تجویز کردہ قرارمتفقہ طورپر منظور کی گئی تھی
اسلام آباد:
وزیر اعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کی قیادت میں اقوام متحدہ میں حق خود ارادیت کی قرارداد کی منظوری انصاف، مساوات اور انسانی حقوق کی فتح ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بیرسٹر عقیل ملک نے ایکس پر ایکس پیغام میں کہا کہ یہ قرارداد نوآبادیاتی تسلط اور غیر ملکی قبضے کے خلاف مظلوم عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی توثیق کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کے حق کی حمایت میں اہم پیش رفت ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں متفقہ طور پر "عوام کے حق خود ارادیت کے عالمی احساس”سے متعلق پاکستان کی تجویز کردہ قرارداد منظور کی گئی ہے ۔جس کی بڑی تعداد میں دنیابھر کے ممالک نے حمایت کی تھی ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قراردادمیں غیر ملکی زیر تسلط ، مقبوضہ علاقوں کے لوگوں کے حق خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کی توثیق کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ قرار دادحق خودارادیت سے محروم مقبوضہ علاقوں کے عوام کے لیے پیش کی گئی ہے ۔جس میں جابرانہ قبضوں کے تحت زندگی گزارنے والے لوگوں کی جاری جدوجہد کی طرف توجہ مبذول کرائی گئی ہے۔ قرارداد بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کی حالت زار کو اجاگر کیاگیا ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قراردادمیں غیر ملکی مداخلت اور جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ اورغیر ملکی قبضے کے شکار لوگوں کے حقوق کے احترام کی اہمیت پر زور دیاگیا ہے۔