آپریشن بنیان مرصوص میں دشمن کو شکست دی، وطن عزیز کی سلامتی پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے: ایئر چیف
رسالپور:پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ ہم نے آپریشن بنیان مرصوص میں دشمن کو شکست دی اورپاک فضائیہ ہر دور میں مضبوط دفاعی لائن ثابت ہوئی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انہوں نے رسالپور میں پی اے ایف کی اصغر خان اکیڈمی میں گریجویشن پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رافیل طیاروں کی صلاحیت پاک فضائیہ کے سامنے صفر ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئرفورس نے سائبر وار فیئر میں برتری ثابت کی، ہمارے ایکشن اور آپریشن لمحوں میں کارگر ثابت ہوئے، پاک فضائیہ نے دشمن کے دانت کھٹے کر دیے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کی سلامتی پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے، ہم نے روایتی دشمن کے ریڈار سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بناکر برتری حاصل کی، دشمن کی ہر حرکت کو لمحوں میں مانیٹر کیا اور فوری ردعمل دیا۔اس سے قبل رسالپور میں پاک فضائیہ کی اصغر خان اکیڈمی میں پروقار گریجویشن پریڈ منعقد ہوئی جس میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو مہمان خصوصی تھے۔پریڈ میں 151جی ڈی پی، 97 انجینئرنگ اور 108 ویں ایئر ڈیفنس کورس کے کیڈٹس شامل تھے، نیویگیشن الفا،ایڈمن اینڈ اسپیشل ڈیوٹیز اور 11 لاجسٹکس کورس کے کیڈٹس بھی شامل تھے۔اس پروقار تقریب میں کومبیٹ سپورٹ اور 98 ای سی رائل سعودی ایئر فورس کے کیڈٹس نے بھی پاس آئوٹ کیا۔اس موقع پر پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے اور شیر دل ایروبیٹکس ٹیم نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا۔یاد رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کے بعد 6اور 7مئی 2025کی درمیانی شب بھارت نے پاکستان میں دراندازی کرتے ہوئے آزاد کشمیراورپنجاب میں 3 مقامات پر بمباری کی تھی، تاہم پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن ملک میں گھس کر ان کے 5جنگی طیارے تباہ کر دیے تھے جن میں 3فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے بھی شامل تھے۔







