جموں : محکمہ جنگلات کے ملازمین اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ
جموں: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں محکمہ جنگلات کے ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں جموں میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آل جموں و کشمیر نان گزیٹڈ فارسٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مظاہرے میں سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی اوراعلی ٰحکام کی جانب سے ‘سوتیلی ماں’جیسا سلوک کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ ملازمین نے کئی دیرینہ حل طلب مسائل پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان کی فلاح و بہبودکیلئے کچھ نہیں کیاجارہا ہے ۔ملازمین نے طویل عرصے سے محکمانہ پروموشن کمیٹی کے اجلاس منعقد نہ کرنے پر متعلقہ حکام پر کڑی تنقید کی ۔ انہوں نے کہاکہ جموں ریجن کے تمام کیڈرز کی ڈی پی سی کے انعقاد میں طویل تاخیر کی وجہ سے ملازمین کو جان بوجھ کر ترقیوں سے محروم رکھا جارہا ہے ۔اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدرراجندر سنگھ پریہار،صوبائی صدر جموں گورچرن سنگھ ، جنرل سکریٹری غلام نبی واراور دیگر نے خطاب کیا ۔ان کاکہناتھاکہ قابض حکام کی غیر سنجیدہ رویہ کی وجہ سے ان کے پاس احتجاج کے سوا اور کوئی چارہ نہیں بچاہے۔ انہوں نے خبردار کیاکہ اگران کے مسائل حل نہ کئے گئے تو وہ اپنے احتجاج میں مزید تیزی لائیں گے ۔







