پاکستان تنازعہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ نتیجہ خیز مذاکرات کی حمایت کرتا ہے
اسلام آباد:
پاکستان نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام بھارت کے سخت رویے اور تسلط پسندانہ عزائم کی وجہ سے یرغمال بنا ہوا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے لیکس فریڈمین کے ساتھ ایک پوڈ کاسٹ کے دوران کہاکہ پاکستان نے جموں و کشمیر کے بنیادی تنازعہ سمیت بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ تعمیری بات چیت اور نتیجہ خیز مذاکرات کی حمایت کی ہے۔انہوںنے کہا کہ بھارت میں پاکستان مخالف بیانیہ دو طرفہ ماحول کو خراب کرنے ساتھ ساتھ امن اور تعاون کے امکانات کو روکتا ہے، جسے رکنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام بھارت کے سخت رویے اور تسلط پسندانہ عزائم سے یرغمال بنا ہوا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم کے بیان کے بارے میں میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے بیانات گمراہ کن اور یکطرفہ ہیں۔ وہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کو جان بوجھ کر نظرانداز کردیتے ہیں جو اقوام متحدہ، پاکستان اور کشمیری عوام کو بھارت کی پختہ یقین دہانیوں کے باوجود گزشتہ سات دہائیوں سے حل طلب ہے۔انہوں نے کہاکہ مظلومیت کی بھارت کی فرضی داستان پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردی کو ہوا دینے اور بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ریاستی منظور شدہ جبر میں ملوث ہونے کو چھپا نہیں سکتی۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت کو دوسروں کو مورد الزام ٹھہرانے کے بجائے غیر ملکی علاقوں میں ٹارگٹڈ قتل، بغاوت اور دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے اپنے ریکارڈ پر غور کرنا چاہیے۔





