APHC-AJK

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کشمیر بارے دوٹوک موقف کا خیرمقدم

اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ واضح اور اصولی بیان کا خیرمقدم کیاہے ، جس میں انہوں نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے غیر متزلزل موقف کو دہرایا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے ایک بیان میں فیلڈ مارشل کے حالیہ بیان کاخیر مقدم کیا ہے جس سے کشمیری عوام میں امید کی نئی شمع روشن ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا یہ واضح بیان کہ کشمیر کا کوئی سودا ممکن نہیں، ہم کبھی بھی کشمیر کو نہیں بھول سکتے، پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور بھارت کی اجارہ داری کبھی قبول نہیں کریں گے، کشمیری عوام کے لیے ایک نوید ہے جو دہائیوں سے بھارتی تسلط کے خلاف قربانیوں کی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس اس حقیقت پر پختہ یقین رکھتی ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دے کر ایک ابدی سچائی کی بنیاد رکھی تھی اور آج پاکستان کی عسکری قیادت کا یہ دوٹوک اور باوقار موقف اس تاریخی حقیقت کی ازسرنو توثیق ہے۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بیان، پاکستان کے انقلابی اور اٹل اصولی مؤقف کا غماز ہے۔ یہ پیغام نہ صرف کشمیری حریت پسندوں کے لیے اعتماد و حوصلے کا باعث ہے بلکہ عالمی برادری کے لیے بھی ایک بلیغ پیغام ہے کہ پاکستان، مسئلہ کشمیر پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔پانی کو پاکستان کی "ریڈ لائن” قرار دینا اس بات کا مظہر ہے کہ مسئلہ کشمیر نہ صرف ایک انسانی و سیاسی مسئلہ ہے بلکہ پاکستان کی بقاء، سلامتی اور مستقبل کا سوال بھی ہے۔ بھارتی آبی جارحیت کے خلاف یہ دوٹوک اعلان پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے غیر معمولی عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ حریت کنوینر نے کہا کہ کشمیری اپنی جدوجہدآزادی جاری رکھیں گے اورحریت کانفرنس اس بات پر زور دیتی ر ہے گی کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ایک بین الاقوامی تنازعہ ہے، جس کا واحد منصفانہ حل کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دینا ہے۔ کشمیری قوم نے بھارتی جبر، ظلم اور ریاستی دہشت گردی کے باوجود اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھی ہے اور اپنے حق خود ارادیت کے حصول تک جاری رکھیں گے۔ انہوں نےعالمی برادری، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور جمہوریت کے علمبردار ممالک سے پرزوردیا کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پر بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر چشم پوشی عالمی ضمیر کے لیے سوالیہ نشان ہے۔حریت کنوینر نے کہا کہ کشمیریوں کی تحریکِ آزادی ایک سچائی پر مبنی جدوجہد ہے، جسے کوئی ظلم، طاقت یا فریب دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ شہداء کی قربانیاں، اسیران کی استقامت، اور حریت پسند قیادت کی جدوجہد اس عظیم نصب العین کا حصہ ہیں، جو بہت جلد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔
انہوں نے مذید کہا کہ
کل جماعتی حریت کانفرنس پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت کی اصولی حمایت کو دل سے سراہتی ہےاور اس امید کا اظہار کرتی ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد ہر محاذ پر جاری رکھے گا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button