بلاول بھٹو زرداری یورپی حکام کے سامنے کشمیریوں کے حقوق کو اجاگر کریں، علی رضا سید
برسلز:
کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان کاخیرمقدم کیاہے جسمیں انہوں نے واضح کیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن و خوشحالی مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے وابستہ ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق علی رضا سید نے ایک بیان میں بلاول بھٹو سے اپیل کی کہ وہ اپنے دورہ یورپ کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کریں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انتہائی ظالمانہ ہتھکنڈوں میں ملوث ہے، ان مظالم میں بھارتی فوجی اہلکاروں کی طرف سے کشمیریوں پرظلم و تشدد، قتل عام، غیرقانونی گرفتاریاں اور سیاسی آوازوں کو دبانا شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے گذشتہ ماہ پاکستان اور آزاد کشمیر پر جارحیت کر کے نہتے شہریوں کو شہید اور مقبوضہ کشمیرمیں لوگوں کو بے جا ہراساں کیا۔علی رضا سید نے کہاکہ یورپی یونین بھارت کو اس طرح کے جارحانہ اقدامات سے روکے اور پاکستان کوتنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پرامن حل یقینی بنانے کے لیے یورپی یونین کی مدد حاصل کرنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ یورپی یونین کو خاموشی ترک کرتے ہوئے بھارت کو اس کی حالیہ جارحانہ اور ظالمانہ کاروائیوں پر جوابدہ ٹھہرانا ہوگا۔ انہوں نے زور دے کر کہاکہ دنیا مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال پر آنکھیں بند نہیں کر سکتی جبکہ کشمیری ظلم اور تشدد سہہ رہے ہیں۔علی رضا سید نے بلاول بھٹو زرداری کی واشنگٹن میں کوششوں جن میں انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی سمیت بھارت کے مظالم کو بے نقاب کیا، کی تعریف کی ۔علی رضا سید نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری خاتمہ کیا جائے، بھارت کے جنگی جرائم کی یورپی یونین کے زیر نگرانی تحقیقات کی جائے اور کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق مسئلہ کشمیرکے پرامن حل کے لیے بھارت پر سفارتی دبا ئوڈالا جائے۔






