پارلیمانی وفد نے پاکستان کے موقف کی قومی جذبے سے ترجمانی کی: وزیر اعظم شہباز شریف
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کی بھرپور اور بہترین ترجمانی پر پارلیمانی وفد کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وفد نے پہلگام سے لے کر سندھ طاس معاہدے تک کے واقعات کو صحیح تناظر اور احسن انداز میں پیش کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی،بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کو پاکستان کی جانب سے بھیجے گئے سفارتی وفد کی امریکہ اور یورپ میں ملاقاتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیر اعظم نے وفد کی جانب سے حالیہ بھارتی پروپیگنڈا کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے کامیاب سفارتی دورے پر بلاول بھٹو زرداری سمیت وفد کے دیگر ارکان کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے سفارتی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کی بھرپور اور بہترین ترجمانی پر آپ سب کو مبارک پیش کرتا ہوں،آپ نے پاکستان کا مقدمہ قومی جذبے سے لڑا اور کامیاب ہوکر لوٹے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شیری رحمن، ڈاکٹر مصدق ملک، حنا ربانی کھر، سینیٹر بشری انجم بٹ ، سینیٹر فیصل سبزواری ،انجینئر خرم دستگیر ،جلیل عباس جیلانی اور تہمینہ جنجوعہ پر مشتمل وفد نے امریکہ، برطانیہ اور یورپ میں پاکستان کے موقف کی قومی جذبے سے ترجمانی کی، پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں اس کا اعتراف ہو رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے نہایت احسن انداز میں پاکستان کے موقف کو بیان کیا،وفد نے پہلگام سے لے کر سندھ طاس معاہدے تک کے واقعات کو صحیح تناظر اور احسن انداز میں پیش کیا،اللہ تعالی کے فضل وکرم، قوم کی دعائوں اور ہماری بہادر مسلح افواج کی عسکری مہارت سے بھارت کو اپنے بلاجواز جنگی جنون کی بھاری قیمت چکانی پڑی۔





