جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اوررہیگا,پاکستان کشمیر کے بغیر ادھورا ہے،رانا قاسم نون
ملتان:
پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اوررہیگا۔پاکستان کشمیر کے بغیر ادھورا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملتان پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا قاسم نون نے کہاکہ تنازعہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے جسے ہر صورت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ۔انہوں نے کشمیری حریت رہنماں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی ،پوری قوم سیدعلی گیلانی ، شبیر احمد شاہ،یاسین ملک ور دیگر رہنمائوں کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے حوالے سے کہاکہ پاکستان نے اس واقعے کی غیرجانبدارانہ انکوائری کی پیشکش کی مگر بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا اور جنگ کو ترجیح دی۔جس میں مودی حکومت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس عظیم فتح پر پوری پاکستانی قوم اورعالمی برادری نے وزیراعظم شہباز شریف ،فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔رانا قاسم نون نے کہاکہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیراورغزہ میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوںکا فوری نوٹس لینا ہوگا۔انہوں نے مزیدکہاکہ پاکستان بالخصوص بلوچستان میں فتنہ الہندوستان فساد برپا کر رہی ہے۔بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کا ذمہ دار بھارت اور مودی سرکار ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں ہمارے معصوم لوگوں کو شہید کیا جا رہا ہے جس کی ذمہ دار مودی سرکار ہے۔






