مقبوضہ کشمیر :مزید 3کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط
سرینگر:
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں قابض انتظامیہ نے 3کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر لی ہیں ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا کے حکم پر ضلع کے رہائشی اشفاق احمد بٹ، جمیل احمد خان اور منظور احمد ڈار کی دو کنال اور 12مرلے پر مشتمل اراضی ضبط کر لی ہے جس کی مالیت 2کروڑ11لاکھ روپے ہے ۔پولیس حکام نے دعوی کیا کہ یہ کشمیری آزادی پسندسرگرمیوں میں ملوث ہیں۔بھارتی قابض انتظامیہ کی طرف سے کشمیریوں کے خلاف انتقامی کاروائیوں کا جواز پیش کرنے کیلئے اکثر یہ الزام لگایاجاتاہے ۔اگست 2019میں جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کی یکطرفہ اور غیر قانونی منسوخی کے بعد سے، بی جے پی کی بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں اپنا کریک ڈائون مزیدتیز کر دیا ہے۔ سینکڑوں کشمیریوں کی رہائشی اور تجارتی املاک ضبط کر لی گئی ہیں۔






