تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما ئوںمشتاق وانی، ڈاکٹر اعلیٰ اور شیخ تجمل الاسلام کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز رہنمائوں مشتاق احمد وانی، ڈاکٹر اعلیٰ اور شیخ تجمل الاسلام کو ان کی برسیوں پرخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اسلام آباد میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا جس کی صدارت سابق کنوینر محمود احمد ساغرنے کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب میں تحریک آزادی کشمیر کے لئے تینوں رہنمائوں کی گرانقدر خدمات اور لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مشتاق احمد وانی، ڈاکٹر اعلیٰ اور شیخ تجمل الاسلام نے اپنی زندگیاں تحریک آزادی کے لئے وقف کر دیں۔ انہوں نے ظلم و جبر کے اندھیروں میں آزادی کی شمع روشن کی اور اپنی قربانیوں سے کشمیری عوام کو مزاحمت کا حوصلہ عطا کیا۔مقررین نے کہا کہ بھارت نے ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور کالے قوانین کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو توڑنے کی کوشش کی لیکن یہ قربانیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ کشمیری عوام ہر قیمت پر اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہاکہ قربانیوں کا یہ سفر اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق، یعنی حقِ خودارادیت حاصل نہیں ہو جاتا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک تنازعہ ہے اور اس کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم سے روکیں اور کشمیریوں کو خوداپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دلائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم اپنے عظیم رہنمائوں اور شہدا ء کے خون کورائیگاں نہیں جانے دیں گے۔انہوں نے کہاکہ ان کا ادھورا مشن ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوجاتا۔تقریب میں دیگر لوگوں کے علاوہ مقصود جعفری ، بیرسٹر الطاف حسین ، عبد اللہ خان ، محمد حنیف ملک ، ظفر ملک ،ڈاکٹر منور حسین ،سید یوسف نسیم ،سید فیض نقشبندی ، الطاف حسین وانی ، میر طاہر مسعود ، ایڈوکیٹ پرویز احمد، شمیم شال ، حسن البناء ،جاوید اقبال ، حاجی محمد سلطان، دائود خان ،راجہ شاہین،چوہدری شاہین،انجینئر مشتاق محمود،امتیاز وانی، میاں مظفر،زاہد صفی،زاہد اشرف ،اعجاز رحمانی ،محمداشرف ڈار،محمد شفیع ڈار ،عدیل مشتاق ،عبدالمجید لون،نذیر کرنائی،شیخ عبدالماجد،منظور احمد ڈار،سید گلشن، عبد الحمید لون، عبدالمجید میر ،زاہد مجتبیٰ ، اقبال بلوچ ،خالد شبیر،امتیاز احمد بٹ،قاضی عمران،عبدالرشید بٹ اورمیر مشتاق احمد نے بھی شرکت کی






