گجرات : گروگرام میں شالیں بیچنے والے کشمیری نوجوان پر وحشیانہ تشدد

گروگرام: بھارتی ریاست گجرات میں شالیں بیچنے والے ایک کشمیری نوجوان پر حملہ کر کے اسے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیاہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ ریاست کی گروگرام ہائوسنگ سوسائٹی میں اس وقت پیش آیا جب کشمیری نوجوان اپنی روزی روٹی کمانے کی غرض سے شالیں فروخت کر رہاتھا۔واقعے کی ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے،جس پر بڑے پیمانے پر غم وغصے کا اظہار کیاجارہاہے ۔سوشل میڈیا صارفین نے سوسائٹی کے سکیورٹی گارڈز کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے افسوس ظاہر کیاہے کہ انہوں نے کشمیری نوجوان کو حملہ آور وں سے بالکل بھی نہیں بچایا۔ عوامی نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر مظفر شاہ نے کہا ہے کہ یہ بھارت میں صرف ایک کشمیری نوجوان پر حملہ نہیں بلکہ انسانیت پر حملہ ہے۔ انہوں نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تاکہ آئندہ اس طرح کا کوئی او ر واقعہ پیش نہ آسکے ۔
واضح رہے کہ بھارت میں تعلیم کے حصول اور تجارت کی غرض سے مقیم کشمیریوں کے ساتھ ہندوانتہا پسندوں کا امتیازی سلوک اور ان پر حملے روز کا معمول بن چکا ہے ۔ اکثر کشمیری طالب علموں اور تاجروں کو نفرت انگیز سلوک اور وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایاجاتا ہے ۔





