قانون کی حکمرانی کو طاقت کی سیاست اور یک طرفہ اقدامات کے ذریعے مجروح کیا جا رہا ہے:پاکستان

نیویارک: پاکستان نے اقوام متحدہ کی ایک کمیٹی میں اس بات کا اعادہ کیا کہ ایک منصفانہ اور پرامن عالمی نظام کا انحصار بین الاقوامی قانون کے مستقل اور عالمگیر اطلاق پر ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کی کمیٹی میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر قانون کی حکمرانی کے موضوع پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے خبردار کیا کہ جموں و کشمیر یا فلسطین کا معاملہ ہو، استثنیٰ اور قانونی اصولوں پر چنائو کی بنیاد پر عمل درآمد سے قانون کی حکمرانی کمزور پڑ رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کہ قانون کی حکمرانی انسانی تہذیب کی اساس اور سماجی و اقتصادی ترقی و خوش حالی کے لیے قوت افزا ء عنصر ہے۔ یہ صرف ایک قانونی تصور نہیں بلکہ عالمی امن اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے ایک لازمی اخلاقی اور ادارہ جاتی ستون ہے۔ بڑھتی ہوئی جغرافیائی رقابتوں اور بین الاقوامی قانون سے انحراف کے تناظر میں انہوں نے خبردار کیا کہ قانون کی حکمرانی کو طاقت کی سیاست اور یک طرفہ اقدامات کے ذریعے مجروح کیا جا رہا ہے۔ ایسے دانستہ اقدامات اس قانونی ڈھانچے کو متزلزل کر رہے ہیں جو کبھی ناقابل تردید سمجھا جاتا تھا اور اس سے عالمی نظام کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔





