بھارتی جارحیت پر پاکستان کا ردعمل نپا تلا اور متناسب تھا، سفیر عاصم افتخار احمد
تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا

اقوام متحدہ:اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہاہے کہ حالیہ بھارتی جارحیت پر پاکستان کا ردعمل نپا تلا اور متناسب تھا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عاصم افتخار نے عرب گروپ کے ہم منصبوں کوخطے کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا حق استعمال کیا ۔انہوں نے کہاکہ 1960کے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سمیت بھارتی اقدامات اشتعال انگیز ، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔انہوں نے جنگ بندی برقرار رکھنے ، کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔ سفیر کا کہنا تھا کہ بھارتی رہنمائوں کی بیان بازی اشتعال انگیز ہے۔انہوں نے واضح طور پر کہا کہ کشمیر کے تنازعے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے حالیہ کشیدہ صورتحال کے دوران پاکستان کے موقف کو سمجھنے پر عرب گروپ کا شکریہ ادا کیا۔






