بھارت نے روسی تیل کی خریداری نہ روکی تو ٹیرف جاری رہیں گے:صدرٹرمپ

واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ بھارت نے روسی تیل کی خریداری نہ روکی تو اس پر بھاری ٹیرف جاری رہیں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے بات کی ہے، جنہوں یقین دلایا کہ بھارت روسی تیل خریدنا بند کرے گا۔ٹرمپ نے کہا کہ اگر بھارت بات چیت سے انکار کرتا ہے تووہ بڑے پیمانے پر ٹیرف ادا کرتے رہیںاور وہ ایسا نہیں چاہتے۔امریکہ بھارت تجارتی مذاکرات میں روسی تیل ایک اہم نکتہ رہا ہے۔ بھارتی مصنوعات پر ٹرمپ کے 50فیصد ٹیرف میں سے آدھا نئی دہلی کی طرف سے رعایتی روسی خام تیل کی مسلسل خریداری کی وجہ سے ہے۔تاہم بھارتی وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ مودی اور ٹرمپ کے درمیان کسی حالیہ ٹیلیفونک گفتگو سے آگاہ نہیں ہے۔ بیان میں کہاگیا کہ بھارت کا بنیادی مقصد اپنے صارفین کے مفادات کا تحفظ ہے۔بعد میں وائٹ ہائوس کے ایک اہلکار نے کہا کہ بھارت نے روسی تیل کی اپنی درآمدات آدھی کر دی ہیں، حالانکہ بھارتی ذرائع نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر کوئی کمی نہیں دیکھی گئی۔ 2022میںیوکرین پر حملے کی وجہ سے روس پر مغربی پابندیوں کے بعد بھارت روسی تیل کا سب سے بڑا خریدار بن کر ابھراہے۔ ٹرمپ کے بیان سے امریکہ اوربھارت کے درمیان پہلے سے تنائو کا شکارتجارتی تعلقات میں نئی کشیدگی کا اضافہ ہوا ہے۔







