بھارت میں اقلیتیں غیر محفوظ: مسیحی برادری ہندو انتہاپسندوں کے نشانے پر
نئی دہلی: بھارت میں ہندو انتہاپسندوں کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے باعث اقلیتوں باالخصوص مسیحیوں اور مسلمانوں کے خلاف مذہبی تعصب اور ہراسانی کے واقعات میں اضافہ دیکھا جارہاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انتہاپسند ہندو تنظیموں کی جانب سے اقلیتوں کی مذہبی آزادی کوسلب کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق دارالحکومت دہلی میں انتہاپسند ہندو تنظیم بجرنگ دل کے کارکنوں نے مسیحی خواتین اور بچوں کو کرسمس کے موقع پر مذہبی تہوار منانے سے روک دیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سانتا کلاز کے لباس میں ملبوس مسیحی خواتین اور بچوں کو عوامی مقامات پر ہراساں کیا گیا اور بعض کو زبردستی واپس گھر جانے پر مجبور کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق یہ اس طرح کا پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ ماضی میں بھی بجرنگ دل کے کارکنوں نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو ڈرایا دھمکایا ہے۔ گزشتہ برس بھی بھارتی ریاستوں مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، اتر پردیش، اتراکھنڈ، گجرات اور ہریانہ میں مسیحی برادری کے خلاف ہراسانی کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔






