سرینگر :ہندو گرو روی شنکر کی میر واعظ سے ملاقات

سری نگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے ہندو گرو سری روی شنکر پر زور دیا ہے کہ وہ جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق روی شنکر نے آج میر واعظ عمر فاروق سے سری نگر میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ دونوں رہنماو¿ں نے مقبوضہ علاقے میں بات چیت، امن اور بین المذاہب ہم آہنگی پر زور دیا۔
میرواعظ نے اس بات پر زور دیا کہ مقبوضہ علاقے میں جاری سیاسی بحران کے سلسلے میں جو لوگ قید ہیں انہیں ہمدردی اور افہام و تفہیم کے طور پر رہا کیا جانا چاہیے۔
میر واعظ کے دفتر کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماو¿ں نے بقائے باہمی، ہمدردی اور بنیاد پرستی اور سماجی بیگانگی کے خطرات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوںنے کہا کہ ناانصافی اور بے اختیاری بدامنی کو ہوا دیتی ہے اور صرف مستقل بات چیت اور باہمی افہام و تفہیم سے ہی معاشروں کو بہتر بنانے اور انسانی وقار کو برقرار رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔







