جموں :قابض انتظامیہ نے کشمیری صحافی ارفاز دانگ کا گھر مسمارکردیا
جموں: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض انتظامیہ کی طرف سے کشمیری صحافی ارفاز دانگ کے گھر کو مسمار کرنا صرف ایک انتظامی کارروائی نہیں بلکہ آزادی صحافت، جمہوری اقدار اور آواز اٹھانے کے حق پر ایک شرمناک دانستہ حملہ ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک صحافی کو اپنی پیشہ وارانہ فرائض ادا کرنے پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانا ناقابل قبول اور انتہائی تشویشناک عمل ہے۔جمہوریت میں صحافی عوام کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں۔ جس ملک میں سچ جرم بن جائے وہاں جمہوریت تباہی کے دہانے پر پہنچ جاتی ہے۔ بھارتی قابض انتظامیہ نے سچ دنیا کے سامنے لانے پر آج کشمیری صحافی عرفاز دانگ کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا ہے توس بولنے کی ہمت کرنے پر مودی حکومت کل کسی اور صحافی کو بھی انتقامی کارروائی کا نشانہ بناسکتی ہے ۔آزادی صحافت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ایک صحافی پر حملہ پوری جمہوریت پر حملے کے مترادف ہے۔قابض انتظامیہ کی طرف سے کشمیری صحافی کا گھر مسمار کئے جانے کی شدید مذمت کی جارہی ہے۔ سوشل میڈیاپر وائرل ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ قابض انتظامیہ نے بلڈوزروںکے ذریعے صحافی کے گھر کو ملبے میں تبدیل کر دیا۔ جموں و کشمیر کی سماجی، سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں رپورٹنگ کرنے والے فری لانس صحافی عارف احمد نے قابض انتظامیہ کی اس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک ٹارگٹڈ اقدام قراردیاہے۔ارفاز دانگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ قابض انتظامیہ نے اس سے قبل بھٹنڈی میں انکے گھر کو مسمار کیاتھا ۔انہوں نے قابض انتظامیہ کی ظالمانہ کارروائی کا بہادری سے مقابلہ کیا اور اپنے والد کو اس گھر میں منتقل کیاتھا ۔تاہم اب اس گھر کو بھی غیر قانونی قراردیکر مسمار کر دیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قابض انتظامیہ نے اس کارروائی کے ذریعے سچائی پر مبنی صحافت سے وابستہ لوگوں کو پیغام دیا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں ان کیلئے کوئی گنجائش موجود نہیں ہیں ۔جموں کے سینئر وکلا بشمول شیخ شکیل اور ذوالقرنین چودھری نے قابض انتظامیہ کے اس بہیمانہ اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ کارروائی کشمیر ہائی کورٹ کے احکامات کی واضح خلاف ورزی ہے جس میں کہاگیاہے کہ تجاوزات کے خلاف کسی بھی کارروائی کا آغاز بڑے لوگوں سے ہونا چاہیے۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما اوررکن اسمبلی وحید الرحمان پرا، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-مارکسسٹ ایم کے رہنما محمد یوسف تاریگامی اور دیگر نے بھی کشمیر ی صحافی کے گھر کو مسمار کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک انتقامی کارروائی قراردیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ قابض انتظامیہ کی یہ کارروائی آزادی صحافت، جمہوری اقدار اور آواز اٹھانے کے حق پر ایک شرمناک اور دانستہ حملہ ہے۔انہوں نے کہاکہ جمہوریت میں صحافی عوام کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں۔ سچ جرم بن جائے تو جمہوریت تباہی بن جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ قابض انتظامیہ نے عرفاز دانگ کے گھر کو مسمار کیا ہے کل کسی اور صحافی کو بھی سچ سامنے لانے کی قیمت چکانا پڑ سکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آزادی صحافت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ایک صحافی پر حملہ پوری جمہوریت پر حملے کے مترادف ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی قابض انتظامیہ نے جموں میں معروف صحافی ارفازدانگ کا رہائشی مکان، جہاں وہ 40 سال سے مقیم تھے کو بغیر کسی پیشگی نوٹس کے مسمار کر دیاہے۔







