APHC-AJK

حریت وفد کی تنویر الیاس سے ملاقات، مقبوضہ جموں وکشمیر کی سنگین صورتحال پر تبادلہ خیال


اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں و کشمیرشاخ کے ایک وفد نے کنونیر غلام محمد صفی کی قیادت میں آج اسلام آباد میں سابق وزیرِاعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وفد نے سابق وزیر اعظم کومقبوضہ جموں وکشمیرکی سنگین اور بگڑتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی اور انہیںانسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں اور مظلوم کشمیریوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ وفد نے انہیں درخواست کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے قومی اور عالمی سطح پر اپنا کردار جاری رکھیں تاکہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمدکو یقینی بنایا جا سکے۔ حریت وفد نے کشمیر کاز کے لیے سردار تنویر الیاس کی قابلِ قدر خدمات اور مہاجرین کشمیر کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی مسلسل کاوشوں کو سراہا ۔ وفد نے انہیں 10دسمبر 2025کو کوٹلی آزاد کشمیر میں احتجاجی مظاہرے میں خصوصی شرکت کی دعوت دی۔ سردار تنویر الیاس کو اسلام آباد اور مظفرآباد میں حریت کانفرنس کے ہیڈکوارٹرز کے دورے کی بھی دعوت دی گئی۔سردار تنویر الیاس نے اس موقع پر کہا کہ کشمیر میری رگوں میں دوڑتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ وہ کشمیر کاز کے لیے حریت کانفرنس کے شانہ بشانہ بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے بہادر کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتی تسلط سے کشمیر کی آزادی تک کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔
دریں اثناء یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے ایک وفدنے آج اسلام آبا میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے دفتر میں حریت قیادت سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کنوینر غلام محمد صفی، جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد، سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ اوردیگر رہنما شامل تھے۔ حریت قیادت نے وفد کو دفتر آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ کشمیر کاز کو جس ذمہ داری اور موثرانداز میں اجاگر کررہے ہیں،وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس اور یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے درمیان قریبی ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے، کیونکہ آپ بھی ہماری طرح تحریک کے اہم اسٹیک ہولڈر ہیں۔یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر اشرف وانی،جنرل سیکریٹری نعیم الاسد اور دیگر نمائندگان نے موجودہ صورتحال پر کل جماعتی حریت کانفرنس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کشمیری صحافیوں کے ساتھ ساتھ دیگر قومی و بین الاقوامی میڈیا ہائوسز کے ساتھ روابط استوارکرنا ناگزیرہے۔ انہوں نے کہا کل جماعتی حریت کانفرنس کو اپنا مضبوط میڈیا ونگ قائم کرنا چاہیے۔کنوینر غلام محمد صفی نے وفدکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس محض ایک فورم ہے، لیکن ہمارا اصل مقصد تحریکِ آزادیِ کشمیر کو تقویت پہنچانا اور اسے عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم یونیورسٹیز، کالجز اور عوامی اجتماعات میں جاکر لوگوں کو مسئلہ کشمیر کی حقیقی صورتحال سے آگاہ کرتے رہتے ہیں۔ ہم مسئلہ کشمیر کا جامع اور پائیدار حل چاہتے ہیں۔ ہم قسطوں میں تقسیم شدہ حل کے قائل نہیں۔ ہمارا موقف سہ فریقی مذاکرات ہے، دوطرفہ مذاکرات مسئلے کا حل نہیں۔ ہم اس ملک کی ثالثی قبول نہیں کریں گے جو بھارت کا قریبی شراکت دار ہو۔ ثالثی صرف وہ ملک کرے جو غیر جانبدار ہو ۔ انہوں نے کہاکہ ہم ترقیاتی پیکجز نہیں چاہتے، ہمیں صرف حقِ خودارادیت چاہیے ۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button