مقبوضہ جمو ں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر برطانیہ میں سمینار کا انعقاد
تنازعہ کشمیر کے بارے میں نوجوان نسل کو آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور

پیٹربرو برطانیہ:کشمیر کمپین گلوبل نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے سلسلے میں پیٹربروبرطانیہ میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس میں کونسلرز کے ساتھ ساتھ کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک مقامی ریسٹورنٹ میں منعقدہ سیمینار میں خاص طورپر مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔سیمینار سے دیگر لوگوں کے علاوہ کشمیر کمپین گلوبل کے رہنما ڈاکٹر محمد اشفاق اور ظفر قریشی نے بھی خطاب کیا۔دیگر شرکاء میں سابق لارڈ میئر راجہ اختر، کونسلرز امتیاز علی اور اورنگزیب، سابق کونسلر انصار علی، ڈاکٹر اظہر چوہدری، ضلعی کونسلر چوہدری غفار شاہد، پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر راجہ نوید عارف، سیکرٹری جنرل نوید مرزا، چیئرمین راجہ جاوید، سماجی کارکن ماجد، محمد توقیر، مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما ڈاکٹر محمد اکرام، چوہدری اشتیاق ، چوہدری سلطان، ایڈووکیٹ راجہ تصدق اور دیگر قابل ذکر شخصیات شامل تھیں۔ڈاکٹر محمد اشفاق نے اپنے تعارفی کلمات میں کشمیر کی تاریخ، تنازعہ کے پس منظر اور کشمیر کمپین گلوبل کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔کشمیر کمپین گلوبل کے سربراہ ظفر قریشی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے اسے دنیا کے سب سے زیادہ فوجی جمائو والے خطوں میں سے ایک قرار دیا اور نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر سے آگاہ کرنے کی کوششوں پر زور دیا۔سابق لارڈ میئر راجہ اختر نے کہا کہ پیٹربرو کونسل کے مسلم کونسلرز کو کشمیر کاز کو اجاگر کرنے میں موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ کونسلر انصار علی نے ایک مضبوط اتحاد پر زور دیا جبکہ کونسلر امتیاز علی نے فلسطین یکجہتی کونسل کی جانب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عالمی امن کے لیے کشمیر اور فلسطین دونوں تنازعات کا حل ضروری ہے۔ کونسلر اورنگزیب نے کہا کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کبھی ختم نہیں ہو سکتی کیونکہ یہ کشمیری عوام کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔پی ٹی آئی رہنما چوہدری غفار شاہد نے کشمیر کی حقیقت کو دنیا تک پہنچانے کے لیے واضح اور موثر بیانیہ پر زور دیا۔صدر مسلم لیگ ن سائوتھ زون طارق جمیل راجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کشمیر عوام کی بے مثال قربانیوں کی بدولت زندہ ہے ۔ انہوں نے آنے والی نسلوں کو تحریک آزادی کو آگے بڑھانے کے لیے تیار کرنے پر زور دیا۔





