مقبوضہ کشمیر :کائونٹر انٹیلی جنس کشمیر کے گھروں پر چھاپے اور تلاشی کی کارروائیاں

سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کائونٹر انٹیلی جنس کشمیر نے بھارتی پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ وادی کشمیر میں متعدد مقامات پر گھروں پر چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سی آئی کے نے سرینگر، پلوامہ، بڈگام، کولگام، بارہمولہ، اسلام آباد اور کپواڑہ اضلاع میں متعدد مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے اورگھروں کی تلاشی لی۔بھارتی فورسز نے جنہیں مقبوضہ علاقے میں رائج کالے قوانین کے تحت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے مکمل استثنیٰ حاصل ہے دعویٰ کیا ہے کہ یہ چھاپے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت درج مقدمات ے سلسلے میں مارے گئے ہیں ۔ تاہم ان امتیازی کارروائیوں کی اصل حقیقت کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے مطالبے کو دبانا ہے جس کی ضمانت انہیں اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں میں فراہم کی گئی ہے۔آخری اطلاعات ملنے تک وادی کشمیرمیں چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری تھا۔







