دفعہ370کی منسوخی نے جموں وکشمیر میں بڑی پیمانے پر غیر یقنی صورتحال پیدا کر دی ہے، تاریگامی
جموں 06 مارچ (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسٹ) کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کے مودی حکومت کے غیر آئینی اور غیر جمہوری فیصلے نے علاقے میں ایک بڑا سیاسی خلا اور غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یوسف تاریگامی نے جموں میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسٹ) کی10ویں علاقائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کے اپنے مطالبے کو دہرایا جسے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کے تحت تسلیم کیا گیا تھا۔تاریگامی نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے ایک تاریخی ریاست کو ختم اور اسے مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کر کے نہ صرف آئین کے بنیادی ڈھانچے بلکہ جموں و کشمیر اور بھارت کے درمیان تعلق کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔