بھارتی فورسز نے جموں میں دو نوجوان گرفتار کر لیے

جموں :غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز نے ضلع جموں میں پکڑ دھکڑکے دوران دو نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پیراملٹری بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے ضلع جموں کے علاقے ستواری میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران منظور حسین اور سورج نامی دو نوجوانوں کو گرفتار کیا۔ گرفتاریاںمحاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران کی گئیں اور نوجوانوں کو بغیر کسی شفاف قانونی عمل کے گرفتارکیا گیا۔
دریں اثناء بھارتی فوج کی 27آسام رائفلز نے مشتبہ شے نظرآنے کا دعویٰ کرکے شمالی کشمیر میں سوپور-بانڈی پورہ روڈ کے قریبی علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کی۔ سڑک کو عارضی طور پر بلاک کر دیا گیا جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ آپریشن کے دوران شہریوں کوہراساں کیاگیا۔انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی گرفتاریاں اور بار بارمحاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ایک معمول بن چکی ہیں جس کا مقصد مقامی آبادی کو خوفزدہ کرنا ، مسلسل نگرانی اور عدم تحفظ کا ماحول پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز اکثر غیر قانونی قبضے کے خلاف مزاحمت اور اختلاف رائے کو دبانے کے لیے خاص طور پر نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاریوں کو جواز فراہم کرنے کے لیے سکیورٹی کے جھوٹے بہانے کرتے ہیں۔




