پونچھ: انتظامیہ نے ایک اور کشمیری کی جائیدا د ضبط کر لی

جموں:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نئی دلی کے مسلط کر دہ لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ کی طرف سے کشمیریوں کو انکی املاک سے محروم کرنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ انتظامیہ نے اپنے تازہ نوآبادیاتی اقدام میں ضلع پونچھ میں ایک کشمیری کی جائیداد ضبط کر لی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے لیفٹیننٹ گورنر کے حکم پر ضلع کی تحصیل منڈی میں جمال احمد لون کی 6 کنال اور 13 مرلہ سے زائد اراضی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون” یو اے پی اے“ کے تحت ضبط کی۔ان کی جائیدا د کی ضبطی کا جواز فراہم کرنے کیلئے ان پر بھارت مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے محض دو روز قبل ضلع پونچھ کے گاﺅں نار میں ایک اور شخص رفیق سلطان کی چار مرلہ سے زائد اراضی ضبط کر لی تھی۔
یاد رہے کہ نریندر مودی کی سربراہی میں قائم بی جے پی کی بھارتی حکومت نے اگست 2019میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد علاقے میںاپنے فوجی مظالم میں تیزی کیساتھ ساتھ کشمیریوں کے گھروں ، زمینوں اور دیگر املاک کی ضبطی کا سلسلہ بھی تیز کر دیا جسکا بنیاد ی مقصد انہیں معاشی طور پر مفلوک الحال بنانے کے ساتھ ساتھ ضبط شدہ جائیدار بھارتی ہندوﺅں کو دیکر یہاں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھانا ہے۔






