جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کا یاسین ملک کی زندگی بچانے کیلئے بین الاقوامی مداخلت پر زور
لندن/برسلز:
جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے ایک وفد نے پروفیسر ظفر خان کی قیادت میں برطانیہ میں آل پارٹی پارلیمانی گروپ برائے کشمیر کے چیئرمین عمران حسین سے ملاقات کی اور حریت رہنماء محمد یاسین ملک کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کا معاملہ برطانوی حکومت کے ساتھ اٹھانے پرزوردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وفد نے عمران حسین کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا اور کشمیر کاز کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے انہیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، یاسین ملک کی غیر قانونی نظربندی اور ان کے خلاف جعلی مقدمات سے بھی آگاہ کیا۔پروفیسر ظفر خان نے اس موقع پر کہاکہ بھارتی حکومت جھوٹے مقدمات کے ذریعے یاسین ملک کو پھانسی دینے پر تلی ہوئی ہے۔انہوں نے وفد کو یاسین ملک کا معاملہ برطانوی حکومت کے ساتھ اٹھانے کا یقین دلایا ۔
ادھر برسلز میں لبریشن فرنٹ کے ایک اور وفد نے ظہیر زاہد کی قیادت میں اقوام متحدہ، یورپی یونین ہیومن رائٹس کمیشن اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کو یاسین ملک کی زندگی بچانے کے لیے مداخلت کی اپیل کیلئے یادداشتیں پیش کی ہے۔ زاہد اقبال اور صدر لبریشن فرنٹ بیلجیم الطاف خان وفد کے دیگر دو ارکان کی طرف سے پیش کی گئی یادداشتوں میں یاسین ملک کی مسلسل غیر قانونی نظربندی ، ان کے خلاف بنائے گئے جھوٹے مقدمات اور غیر منصفانہ بھارتی عدالتی کارروائیوں کا حوالہ دیا گیا ہے۔






