مقبوضہ جموں و کشمیر
نئی دلی کو کوئی فکر نہیں کہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے ، اے ایس دولت
چنائی :
بھارتی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالائسز ونگ (را)کے سابق سربراہ اے ایس دولت نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی منظر نامے میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے بسی کا احساس پایا جاتاہے اور نئی دہلی کو اس بات کی کوئی پرواہ نہیں کہ وہاں کیا ہو رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اے ایس نے آج ریاست تامل ناڈو کے دارلحکومت چنائی میںایک مباحثے کے دوران کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ نئی دلی میں کسی کو بھی کشمیر میں ہونے والی کسی بھی چیز کی کوئی فکر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک کہانی ہے ، ہمیں انتظار کرنا چاہیے اور دیکھنا چاہیے کہ کیا ہوتا ہے۔
اے ایس دولت نے مزید کہا کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کشمیر کے معاملات میں زیادہ دلچسپی رکھتے تھے اور وہ کشمیر کے حل کی کسی نہ کسی شکل کے خواہاں تھے جبکہ موجودہ حکومت کو اس کی زیادہ پرواہ نہیں ۔








