اقوام متحدہ تنازعہ کشمیر کے پر امن حل میں سہولت فراہم کرے ، جموں و کشمیر ڈسپلیسڈ جسٹس فورم
اسلام آباد:
جموں و کشمیر ڈسپلیسڈ جسٹس فورم نے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل پر زور دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فورم نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے بنیادی حق خودارادیت کامطالبہ کیا اور سیاسی پسماندگی اور ناانصافیوں کا باعث بننے والی بھارتی پالیسیوں کی منسوخی پرزوردیا۔ فورم کے جنرل سیکریٹری مختار احمد بابا نے سوپور، گائو کدل، مگرمل باغ، ہندواڑہ اور کپواڑہ میں جنوری کے ماہ میں پیش آنے والے سانحات میں شہید ہونیوالے کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے ۔انہوںنے واضح کیاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوںکو انکا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دیئے بغیر خطے میں پائیدار امن و استحکام قائم نہیں ہو سکتا۔ مختار احمد بابا نے کہا کہ حل طلب تنازعہ کشمیر اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے 1947سے لاکھوں کشمیری مقبوضہ کشمیر سے ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے ہیں ۔انہوںنے بھارت پر زوردیاکہ وہ نہتے کشمیریوں پر اپنا ظلم و بربریت اور انسانی حقو ق کی پامالیاں بند کرے ۔جے کے ڈی جے ایف کے سیکریٹری جنرل نے اقوام متحدہ اورعالمی امن پسند ممالک سے اپیل کی کہ وہ حریت قیادت سمیت تما م سیاسی نظربندوں کی رہائی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں ۔





