مظفر آباد:یورپی جرنلسٹ کی کشمیر پر تصویری کتاب کی تقریب رونمائی

مظفر آباد:یورپی فوٹو جرنلسٹ ”سدرک گربہائے“ کی کشمیر کے بارے میں تصویری کتاب ”کشمیر: ویٹ اینڈ سی“ کی دو روزہ تقریب رونمائی آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں منعقد ہوئی۔ وزیراعظم ہاو س میں منعقدہ کتاب کی نمائش کا افتتاح وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کتاب کے مصنف سدرک گربہائے، کشمیرکونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید جو کتاب کی پاکستان اور آزاد جموںو کشمیر میں منعقد ہونے والی تعرفی تقریبات اور نمائش کے منتظم بھی ہیں، اس موقع پر موجود تھے۔ ان کے علاوہ، افتتاحی تقریب میں یورپی وفد میں شامل ہالینڈ سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی متحرک کارکن ماریان لوکس، ہنگری سے تعلق رکھنے والے دانشور اندرے بارکس اور آزاد کشمیر کی اہم شخصیات اور سرکاری عہدیداران بھی شریک ہوئے۔وزیراعظم فیصل راٹھور نے اس کتاب کی اشاعت کو سراہا اور کتاب کے مصنف اور کتاب کی اشاعت کے سلسلے میں کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید اور ان کی ٹیم کے کردار کو قابل ستائش قرار دیا۔وزیر اعظم نے کہاکہ انہیں امید ہے کہ اس کتاب اور اسمیں موجود تصاویر سے کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کا پردہ چاک کرنے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔
سابق وزیراعظم ازاد جموں کشمیر راجہ فاروق حیدر بھی نمائش دیکھنے آئے اور انہوں نے کتاب کے مصنف اور منتظمیں بشمول علی رضا سید سے ملاقات کی۔ کتاب کے مصنف سدرک گربہائے، کشمیرکونسل کے چیئرمین علی رضا سید اور دیگر منتظمین اور یورپی وفد نے آزاد کشمیر کے قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر سے بھی ملاقات کی۔
”سدرک گربہائے“ جن کا تعلق بلجیم سے ہے، نے یہ کتاب گذشتہ آٹھ سالوں کے دوران مکمل کی ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا شکار ہونے والے افراد بالخصوص پیلٹ گن سے مجروح ہونے والے مظلوم لوگوں اور بھارتی فوج کی بلااشتعال گولیوں کا نشانہ بننے والے کنٹرول لائن کے قریب رہنے والے ازاد کشمیر کے باسیوں کی تصاویر بھی کتاب کا حصہ ہیں۔
کتاب کی تعرفی تقریبات رواں ہفتے کے آغاز میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ہوچکی ہیں۔۔ کتاب میں کشمیر کے دونوں حصوں بشمول گلگت۔بلتستان کے لوگوں کی روز مرہ کی زندگی اور ثقافت کی بھی عکاسی کی گئی ہے۔ علی رضا سید نے بتایاکہ کشمیر کونسل ای یو نے کتاب کی تیاری اور اشاعت میں اہم ذمہ داری انجام دی ہے اور اس کتاب کو یورپ اور پاکستان میں متعارف کرانے میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
کتاب کی نمائش یکم اور دو فروری کو آزاد کشمیر کے شہر میرپور کی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اور پانچ سے دس فروری تک نیشنل کالج آف آرٹس لاہور میں منعقد ہوگی۔






