آزاد جموں و کشمیر میں” را “کی تخریبی سرگرمیاں بے نقاب

مظفرآباد :بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کی پاکستان کے ساتھ ساتھ آزاد جموں و کشمیر میں بھی تخریبی سرگرمیاں بے نقاب ہو گئی ہیں۔ بھارت اپنے جاسوسی نیٹ ورک کے ذریعے آزاد جموںوکشمیر کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں لگا ہوا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سیکورٹی حکام اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ”را “ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے حوالے سے ایک گھناﺅنی تاریخ رکھتی ہے ۔ ”را“ معاشی مشکلات اور دیگر کمزوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نوجوانوں کو جاسوسی پر آمادہ کرنے یا مالی فوائد کے عوض حساس معلومات حاصل کرنے کا گھناﺅنا کام کر رہی ہے ، وہ اپنی جاسوسی کارستانیوں کے ذریقے مذہبی مقامات، عوامی اجتماعات اور دفاعی نوعیت کی حامل تنصیبات کو نشانہ بنا رہی ہے اور بلوچستان اور کے پی کے کی طرح آزادخطے میں بھی بدامنی کے بیج بونے اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکورٹی اداروں نے راولاکوٹ میں ایک ایسے ہی نوجوان کو گرفتار کیا ہے جو ”را“ کیلئے جاسوسی کا کام کرتا رہا ہے ۔ اطلاعات ہیں کہ گرفتار نوجوان نے ہی مظفر آباد کی ایک مسجد کی لوکیشن ”را“ کو فراہم کی تھی جسے رواں برس مئی میں بھارت نے میزائل کے ذریعے نشان بنایا تھا۔
بھارت دراصل مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے جبر استبداد پر پردہ ڈالنے کیلئے آزاد جموں و کشمیر کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوششوں میں لگا ہوا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی بیانیے کو دنیا مسترد کر چکی ہے جس کی وجہ سے وہ سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ وہ بے انتہا جبر کے باوجود کشمیریوں کو تحریک آزادی کے راستے سے ہٹانے میں ناکام ہو چکا ہے لہذا وہ اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے آزاد کشمیر کو بھی عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتاہے





