مودی حکومت کا جنگی جنون، دفاعی بجٹ میں ریکارڈ اضافہ

نئی دہلی:مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے ایک بار پھر اپنے جنگی جنون کا مظاہرہ کرتے ہوئے-27 2026کے دفاعی بجٹ میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 15فیصداضافہ کرکے اس کے لئے7.85 لاکھ کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دفاعی بجٹ میں بڑے پیمانے پر اضافہ سماجی بہبود کے بجائے فوجی توسیع کی بھارتی ترجیح کو واضح کرتا ہے، یہاں تک کہ غربت، بے روزگاری اور بدامنی آبادی کے بڑے حصے کے لئے بدستور پریشانی کا باعث ہے۔بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس کوتاریخی بجٹ قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ یہ مضبوط اور فول پروف سیکورٹی سسٹم بنانے کے حکومت کے عزم کو تقویت دیتا ہے ۔تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ بڑھتا ہوا دفاعی بجٹ خاص طور پر پڑوسی ممالک اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے خلاف جہاں بھاری تعداد میں فوجیوں کی موجودگی نے خطے کو پہلے ہی دنیا کے سب سے زیادہ فوجی جماﺅ والے علاقے میں تبدیل کر دیا ہے، بی جے پی حکومت کے جنگی جنون اورطاقت کے نشے کی عکاسی کرتا ہے ۔انہوں نے خبردارکیا کہ سیاسی تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کا احترام کرنے کے بجائے بھارت فوجی طاقت پر انحصار کر رہا ہے جو علاقائی امن کے لیے خطرناک ہے۔






